پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین، خصوصاً حکومتی اور نجی اداروں کے ملازمین کو بڑھتے ہوئے سائبر فراڈ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔
پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ سائبر مجرم فشنگ ای میلز کے ذریعے صارفین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا مقصد لاگ ان تفصیلات چرانا، سسٹمز میں رینسم ویئر کے ذریعے خلل ڈالنا یا غیر مجاز رسائی حاصل کرنا ہوتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق فراڈ کرنے والے افراد اکثر دھمکی، لالچ یا جعلی وارننگز کا سہارا لیتے ہیں تاکہ صارف جلدی میں لنک پر کلک کر دے یا حساس معلومات فراہم کر دے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو سائبر فراڈ سے بچنے کے لیے چند احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، جن میں ای میل بھیجنے والے کی شناخت اور ای میل ایڈریس کی تصدیق کرنا، اٹیچمنٹ کی فائل ایکسٹینشن چیک کرنا، اٹیچمنٹ کھولنے سے پہلے اسکین کرنا اور ای میل کے استعمال کے بعد لاگ آؤٹ کرنا شامل ہیں۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ سرکاری ای میل کو ذاتی یا غیر سرکاری مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے، کسی بھی لنک پر کلک کرنے سے پہلے اصل یو آر ایل کی تصدیق کی جائے، اور ای میل کے پاس ورڈ یا او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر نہ کیے جائیں۔
پی ٹی اے نے صارفین کو نامعلوم یا مختصر لنکس پر کلک کرنے سے بھی سختی سے منع کیا اور کہا کہ محتاط رویہ ہی سائبر حملوں سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔





