Cold Weather

سردی کی نئی لہر، این ڈی ایم اے نے بارش و برفباری کا الرٹ جاری کر دیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 18 دسمبر کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری سے متعلق موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 18 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ شمالی اور مغربی علاقوں میں اثر انداز ہوگا۔

ایڈوائزری کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ کوہستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اسی طرح گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزاد جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید برفباری متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان میں ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔

موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافے کا خدشہ ہے جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر پہاڑی راستوں کے بند ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری جاری رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردیوں کی بارشیں اور برفباری کب ہوگی، ماہرین نے بتا دیا

اتھارٹی نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top