خیبر پختونخوا میں دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 13 خوارج مارے گئے

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 دسمبر 2025 کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران بھارت کے پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات خوارج مارے گئے۔

دوسری جانب ضلع بنوں میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے چھ مزید خوارج کو مؤثر طریقے سے ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دیگر خوارج کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یروشلم پوسٹ کا جھوٹ پکڑا گیا، پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا ناکام، نوید اکرم افغانی نژاد نکلا

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام پر عمل کرتے ہوئے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top