مخالفین کرپشن ثابت کردیں استعفیٰ دے دوں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کرپشن ثابت کردیں تو وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دوں گا۔

کوہاٹ میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب کی ہم منصب مریم نواز پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا جس نے لاہور کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جو جعلی طریقے سے پنجاب کی وزیراعلی بنی اور ’کا‘ کے اوپر ’کی‘ اور ’کی‘ کے اوپر ’کے‘ لکھتی ہے اور وہ مجھے مشورے دیتی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا میری توبہ، یہ ان کا حال ہے مشورے ہمیں دیتے ہیں، جعلی وزیراعلیٰ اور جعلی وزیراعظم ہمیں مشورے دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے مشورے دینے سے پہلے اپنے صوبے کا حال دیکھیں پنجاب پولیس پاکستان کا کرپٹ ترین ادارہ بن گئی ہے، صحت کے حوالے سے پورے پاکستان میں پنجاب سب سے نیچے ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف رپوٹ ظاہر کی گئی 5 ہزار 300 ارب کرپشن پر بات کوئی نہیں کرتا ملک اس وقت 80 ہزار ارب روپے مقروض ہو چکا ہے اور ایک بار پھر وفاق نے ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر قرضہ لیا ہے، ہمیں گورننس کا مشورہ دینے والوں نے ملک کو قرضے میں ڈبو دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے چیلنج دیتے ہوئے کہ خیبر پختونخوا میں پرائمری اور مڈل سکولوں کے لیے ہونے والی 16 ہزار بھرتیوں میں ایک بھی بغیر میرٹ کی دیکھائی تو میں مستعفیٰ ہوجاؤں گا, انہوں نے مزید کہا کہ کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن پر زیرو ٹولرنس ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کوہاٹ کے لیے ایک ہزار بیڈ پر مشتمل اسپتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ ڈی ایچ کیو اسپتال کی کمی پوری ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا کوہاٹ جلسہ ناکام ثابت ہوا، بیرسٹر عقیل ملک

انہوں نے مزید کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں وسائل عوام پر خرچ ہو رہا ہے، 181 جیل وارڈرز ، 1800 لیکچررز اور 640 سی ٹی ڈی پولیس کی بھرتیاں آخری مراحل میں ہیں، صوبے کے تمام اداروں میں بھرتی کے لیے مقابلوں کا امتحانات ایٹا ٹسٹنگ سروس کے تحت ہوں گے۔

Scroll to Top