افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا مسلسل خطرہ پورے خطے کے لیے ایک اہم چیلنج ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محمد صادق نے بتایا کہ انہوں نے ایران کی میزبانی میں افغانستان کے لیے ہمسایہ ممالک اور روس کے خصوصی نمائندوں کے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انہوں نے تمام شریک ممالک کی اس رائے سے اتفاق کیا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردانہ سرگرمیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان نے علاقائی امور سے متعلق ایران کے اجلاس میں شرکت مسترد کر دی
محمد صادق نے کہا کہ افغان عوام پہلے ہی شدید مشکلات اور تکالیف سے گزر چکے ہیں اور وہ بہتر مستقبل کے حقدار ہیں، اس لیے موجودہ حکام کے لیے ضروری ہے کہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
نمائندہ خصوصی محمد صادق نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں سب سے اہم قدم یہ ہونا چاہیے کہ افغان سرزمین کو ہر قسم کے دہشت گرد عناصر سے مکمل طور پر پاک کیا جائے۔





