ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں نیا موڑ، عدالت نے ملزمان کی شناخت کیلئے نادرا سے تصدیق کا حکم دیدیا

ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں نیا موڑ، عدالت نے ملزمان کی شناخت کیلئے نادرا سے تصدیق کا حکم دیدیا

ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں نیا موڑ، عدالت نے ملزمان کی اصل شناخت کیلئے نادرا سے تصدیق کا حکم جاری کر دیا، تحقیقات میں اہم پیش رفت

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے نو مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ کیس میں ملوث عناصر کی شناخت کے لیے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مختصر حکم نامہ جاری کیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کی شناخت کے لیے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے واقعے کے ویڈیوز اور ریکارڈ کی تصدیق نادرا کے حوالہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ واقعے کا تمام ریکارڈ اور ملزمان کی شناخت کی تصدیق نادرا سے کر کے دس فروری تک رپورٹ پیش کریں۔ نو مئی کو مشتعل مظاہرین نے ریڈیو پاکستان پشاور پر دھاوا بول کر عمارت کو نقصان پہنچایا، نجی اور سرکاری املاک کو آگ لگائی اور چاغی کی یادگار کو بھی جلایا گیا تھا۔

مدعی مقدمہ کے وکیل شبیر حسین گگیانی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ واقعے کے فوراً بعد درج کیا گیا اور ٹرائل بھی شروع ہو چکا ہے۔ مقدمے میں پی ٹی آئی کے متعدد ارکان اسمبلی اور کارکنان بھی نامزد ہیں۔

عدالت نے مدعی وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہدایت دی کہ واقعے کے ویڈیوز کو فرانزک کے لیے پنجاب سائنس ایجنسی کو بھیجا جائے تاکہ شواہد کی تصدیق کی جا سکے۔ عدالت نے سماعت کو مزید دس فروری تک ملتوی کر دیا۔

یہ فیصلہ اس کیس میں اہم موڑ ہے، کیونکہ اصل ملزمان کی شناخت کے لیے نادرا سے تصدیق عمل کو قانونی بنیاد فراہم کرے گی اور واقعے کی مکمل تحقیقات میں مددگار ثابت ہوگی۔

Scroll to Top