چیف جسٹس کا ہزارہ ڈویژن کے دورے کا اعلان، انصاف کی فراہمی پر زور

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن بار کے وفد نے حال ہی میں چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی، جس میں وکلاء اور سائلین کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیف جسٹس نے انصاف تک سب کی رسائی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہزارہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تاکہ وہاں کے مسائل کو براہ راست سمجھا جا سکے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر بینچ اور بار کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط عدالتی نظام کے لیے دونوں کا مشترکہ وژن ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک مؤثر عدالتی نظام وکلاء برادری کے بھرپور تعاون اور حمایت کے بغیر فعال نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات آج ہوگی

چیف جسٹس نے وفاقی عدالتی اکیڈمی کی جانب سے فراہم کردہ تربیتی پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہزارہ ڈویژن کے وکلاء کو ان کورسز سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے۔

ملاقات کے دوران ہزارہ بار کے وفد نے اپنے تحفظات پیش کیے، جن پر چیف جسٹس نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے عدالتی نظام میں بہتری اور انصاف کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top