کامران علی شاہ
پشاور: تھانہ داوزائی کی حدود ڈب ناگمان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اے ایس آئی صفی اللہ کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان، کمانڈنٹ ایف آر پی، ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن نور جمال، ٹریفک اور سی ٹی ڈی حکام سمیت ڈویژنل ایس پیز، دیگر پولیس افسران اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، سی سی پی او قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کے دو الگ الگ واقعات، ایک شہید، ایک زخمی
اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اے ایس آئی صفی اللہ کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔