خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ صوبے میں صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبے مکمل طور پر نظر انداز کیے جا رہے ہیں، شہریوں نے صوبے میں ہسپتالوں اور سکولوں کے مؤثر نظام کی عدم موجودگی پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
عوام کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتال نہ صرف انتہائی پرانے اور خستہ حال ہیں بلکہ ماہر ڈاکٹرز، ادویات اور جدید سہولیات کی بھی شدید کمی ہے۔
شہریوں نے انکشاف کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج دو دو ماہ کی تاخیر سے، سفارش اور تعلقات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
تعلیمی نظام کے حوالے سے بھی عوام نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے زبوں حالی کا شکار ہو چکے ہیں اور معیارِ تعلیم مسلسل گرتا جا رہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ صوبے میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث نوجوان طبقہ دوسرے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہے جبکہ صوبے میں کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ بھی جاری نظر نہیں آتا۔
شہریوں نے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق دکھائی دیتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مخالفین کرپشن ثابت کردیں استعفیٰ دے دوں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
عوام نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی شعبوں پر فوری توجہ دے کیونکہ خیبر پختونخوا کی ترقی میں ہی پوری قوم کی ترقی پوشیدہ ہے۔





