پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ایک بار پھر نئی بلندیوں کو چھو لیا

پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ایک بار پھر نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بھرپور خریداری کے باعث انڈیکس میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس نے ایک لاکھ 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر لی ہے۔

گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔

ٹریڈنگ کے دوران 1500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک موقع پر ایک لاکھ 72 ہزار 047 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔

مارکیٹ میں قدرے اتار چڑھاؤ کے باوجود انڈیکس 609 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 72 ہزار 570 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔

مارکیٹ میں تیزی کا رجحان نمایاں رہا اور متعدد اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی، جن شعبوں میں سرمایہ کاروں کی خاص دلچسپی رہی ان میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنری شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دلچسپ موڑ، سرمایہ کار محتاط

نمایاں طور پر اے آر ایل، حبکو، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ماری پیٹرولیم، ایم ای بی، ایم ای بی ایل اور این بی پی کے شیئرز مثبت زون میں دکھائی دیے۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد اور معاشی اشاریوں میں بہتری کے اشارے ہیں، جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار ہے۔

Scroll to Top