خیبرپختونخوا میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے، صوبے کے چند اضلاع میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبے کے چند بالائی اضلاع میں شدید سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، کولئی پالس، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پشاور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد رہا۔
دیگر علاقوں میں پاراچنار میں کم سے کم درجہ حرارت منفی صفر، دیر میں 3 ڈگری، چترال، دورش، کاکول اور کالام میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح مالم جبہ، بالاکوٹ، تیمرگرہ اور میرکنی میں درجہ حرارت 5 ڈگری، سیدو شریف، تخت بھائی اور چیراٹ میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ ڈی آئی خان میں 9 اور بنوں میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں موسمی فلو کا خطرہ بڑھ گیا، حکام نے الرٹ جاری کر دیا
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بالائی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دھند کے باعث گاڑیوں کو محتاط انداز میں چلانے کی ہدایت کی ہے۔





