شناختی کارڈ کے حوالے سے نادرا کی نئی پالیسی جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) مقررہ مدت کے اندر حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

نادرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شہری نے کارڈ مقررہ وقت میں نہ لیا تو اس کا کارڈ مستقل طور پر مسترد کر دیا جائے گا۔

اس صورت میں شہری کو نئے کارڈ کے لیے دوبارہ درخواست جمع کرانی ہوگی اور متعلقہ فیس ادا کرنی ہوگی۔

نادرا نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کہا ہے کہ وہ پاکستان آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کریں یا ہوم ڈلیوری سروس کا انتخاب کریں تاکہ شناختی کارڈ براہِ راست گھر پر وصول کیا جا سکے اور دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔

اس کے ساتھ ہی نادرا نے قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نئی پروسیسنگ فیس اور ٹائم لائنز بھی جاری کر دی ہیں:

عام سروس: درخواست دینے والوں کے لیے مفت، پروسیسنگ کا وقت 15 دن
ارجنٹ سروس: درخواست پر عمل 12 دن میں، فیس 1,150 روپے
ایگزیکٹو سروس: درخواست پر عمل 6 دن میں، فیس 2,150 روپے

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی جیل کی حالت پر صاحبزادوں کا انکشاف، حکومت نے الزامات مسترد کر دیے

نادرا نے شہریوں سے تاکید کی ہے کہ وہ وقت پر اپنے کارڈ وصول کریں تاکہ کسی اضافی فیس یا پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

یہ اقدام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور شناختی کارڈ کے عمل کو آسان بنانے کی نادرا کی کوششوں کا حصہ ہے۔

Scroll to Top