ہونڈا نے قسطوں پر گاڑیوں کے حصول کے لیے نئی فنانسنگ اسکیم متعارف کرا دی

اسلام آباد: معروف کار ساز کمپنی ہونڈا نے صارفین کے لیے قسطوں پر گاڑی حاصل کرنے کی ایک نئی اور پرکشش فنانسنگ پیشکش متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت گاڑیوں کے شوقین افراد اب نسبتاً آسان شرائط اور خصوصی سہولیات کے ساتھ مختلف ہونڈا ماڈلز حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو بہتر مالی سہولت فراہم کرنا اور گاڑی خریدنے کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔

اس نئی فنانسنگ اسکیم کے لیے ہونڈا نے حبیب میٹرو بینک کے ساتھ اشتراک کیا ہے، جس کے تحت ہونڈا سٹی، ہونڈا سوِک اور ہونڈا ایچ آر-وی کے لیے خصوصی فنانسنگ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

ہونڈا اور حبیب میٹرو بینک کی شراکت داری کے تحت متعارف کرائی گئی اس اسکیم میں کم شرح سود کے ساتھ اضافی مراعات بھی شامل کی گئی ہیں، تاکہ صارفین کو روایتی آٹو فنانسنگ کے مقابلے میں زیادہ شفاف اور موزوں آپشن میسر آ سکے۔

اس فنانسنگ آفر کے تحت شرح سود ایک فیصد کے ساتھ کائی بور سے منسلک رکھی گئی ہے، جسے کم پھیلاؤ اور شفاف مالی حل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ اس اسکیم کے تحت بینک کی جانب سے دو لاکھ روپے تک کی مختلف فیسیں بھی کور کی جائیں گی، جس سے گاڑی خریدنے کی مجموعی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔

مزید سہولت کے طور پر صارفین کو پہلے سال کے لیے مفت پیریاڈک مینٹی ننس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر راج سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ نفرتیں بڑھیں گی، امیر حیدر خان ہوتی

کمپنی کے مطابق گاڑیوں میں درآمد شدہ بریج اسٹون ٹائرز استعمال کیے جائیں گے، جن کی مالیت تقریباً ایک لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، جو اس پیشکش کو مزید پرکشش بناتی ہے۔

ہونڈا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس نئی آفر کے تحت گاڑیوں کی ڈیلیوری اسی ماہ دسمبر میں یقینی بنائی جائے گی، جس سے صارفین کو طویل انتظار کی پریشانی سے بچایا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ اس فنانسنگ اسکیم پر حبیب میٹرو بینک کی شرائط و ضوابط لاگو ہوں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دلچسپی رکھنے والے صارفین مکمل ادائیگی کے شیڈول، فنانسنگ کی تفصیلات اور کائی بور ایڈجسٹمنٹ کی فریکوئنسی سے متعلق معلومات کے لیے حبیب میٹرو بینک سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top