ایشیا کپ انڈر 19 فائنل میں بھی سرد مہری برقرار، ٹاس کے موقع پر پاک بھارت کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہ ہو سکا
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر کرکٹ سے ہٹ کر ایک اور پہلو نے توجہ حاصل کر لی۔ فائنل میچ کے دوران ٹاس کے موقع پر بھی پاکستان اور بھارت کے کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہیں ہوا، جس پر شائقین کرکٹ اور مبصرین کی نظریں جم گئیں۔
یہی نہیں، میچ کے اختتام پر ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنواتے وقت بھی دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔ اس سے قبل گروپ مرحلے کے میچ میں بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آ چکی تھی، جہاں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان روایتی ہینڈ شیک نہیں ہوا تھا۔
یہ روایت پہلی بار نہیں ٹوٹی، اس سے قبل ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل سمیت ایونٹ کے تینوں میچوں میں بھی پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے درمیان ہینڈ شیک دیکھنے میں نہیں آیا تھا۔ اسی طرح نومبر میں کھیلے گئے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کے ایک میچ میں بھی دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرکٹ کے میدان میں ہینڈ شیک نہ ہونے کے باوجود دیگر کھیلوں میں پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے رہے ہیں، جس پر کرکٹ میں اس رویے کو لے کر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ شاندار فتح کے باوجود میچ کے بعد کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہ ہونا ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق اگرچہ کھیل میں مقابلہ سخت ہوتا ہے، تاہم کھیلوں کی روایات اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو برقرار رکھنا بھی اتنا ہی ضروری سمجھا جاتا ہے۔





