کوہاٹ تا خرلاچی ٹرین کے نئے ٹریک کےمعاملے پر بڑی پیش رفت

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبے میں ریلوے کے نظام کی بہتری اور توسیع سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر پختونخوا حکومت اور پاکستان ریلوے کے مابین تعاون و اشتراکِ کار کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری پاکستان ریلوے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کوہاٹ تا خرلاچی 192 کلومیٹر طویل نئے ریلوے ٹریک کی تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق اس منصوبے پر 642 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور اسے دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : کاٹلنگ بازار میں دن دیہاڑے فائرنگ ،دو افراد جاں بحق

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوہاٹ تا خرلاچی ٹرین سروس نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرے گی بلکہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کا بھی باعث بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ – خرلاچی ٹرین سروس وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں صوبے کے مختلف ریلوے ٹریکس پر جدید ٹرینیں چلانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریلوے منصوبوں کے لیے واضح ٹائم لائنز کے ساتھ جامع پلان تیار کیا جائے۔

انہوں نے صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں بھی ٹرین سروس شروع کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے عوام کے مفاد میں پاکستان ریلوے کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں جمرود تا لنڈی کوتل 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک پر سفاری ٹرین چلانے کی تجویز پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں صوبے کے قدیم و تاریخی ریلوے اسٹیشنز کی بحالی، صفائی، تزئین و آرائش، اور ریلوے ٹریکس کے اطراف گرین بیلٹس کی تعمیر پر بھی غور کیا گیا۔

Scroll to Top