انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے چھکے چھڑانے والے پاکستانی بلےباز سمیر منہاس کون ہیں؟

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف 172 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے والے سمیر منہاس نے اپنی کارکردگی سے دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچا دیا۔

دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 191 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر دوسری بار ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس تاریخی کامیابی میں سمیر منہاس کی بیٹنگ مرکزی حیثیت رکھتی ہےجنہوں نے نہ صرف فائنل میں طوفانی اننگ کھیلی بلکہ پورے ٹورنامنٹ میں 471 رنز اسکور کر کے سب کی توجہ حاصل کی۔ شاندار کارکردگی کے باعث انہیں فائنل اور ٹورنامنٹ دونوں کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کا انڈر 19کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے بڑے انعام کا اعلان

دلچسپ بات یہ ہے کہ سمیر منہاس کا تعلق ایک کرکٹ کھیلنے والے خاندان سے ہے۔ ان کے والد کاشف منہاس پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ ان کے بڑے بھائی عرفات منہاس نے 2023 سے 2024 کے دوران پاکستان کی جانب سے چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

سمیر منہاس نے ٹورنامنٹ کے دوران بھی مسلسل شاندار کھیل پیش کیا۔ انہوں نے 12 دسمبر کو گروپ میچ میں ملائیشیا کے خلاف ناقابل شکست 177 رنز بنا کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف 69 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کے بعد فائنل میں بھی ان کا بلا خوب چلا اور بھارتی بولرز بے بس نظر آئے۔

Scroll to Top