وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو پیغام سہیل آفریدی کو دیا اس پر عملدرآمد کی طرف جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب بھی تحریک کی کال دی جائےگی تو لاکھوں لوگ اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، یہ کچھ لوگوں کی غلط فہمی ہے کہ لوگ نہیں نکل رہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت مخالف تحریک کے لیے عوام کو متحرک کیا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جلسے کررہے ہیں، اور بڑی تعداد میں لوگ انہیں سننے کے لیے آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے چھکے چھڑانے والے پاکستانی بلےباز سمیر منہاس کون ہیں؟
شفیع جان نے کہاکہ تحریک کے حوالے سے تمام تر ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کے پاس ہے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے، پی ٹی آئی اس پر عمل کرےگی۔
انہوں نے کہاکہ مذاکرات اس صورت میں ہوں گے کہ ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے، یا پھر ہمیں نئے انتخابات بھی قبول ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان اگر اس حکومت کے خلاف جانا چاہتے ہیں تو ہم انہیں ساتھ لے کر چلیں گے، جو بھی اس حکومت کے خلاف جانا چاہتا ہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔





