کالی، سبز یا دودھ والی چائے؟ صحت کیلئے کونسی مفید؟

چائے پاکستان میں روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ سمجھی جاتی ہے۔ زیادہ تر گھروں میں دن کا آغاز دودھ والی چائے سے ہوتا ہے، جبکہ دن کے مختلف اوقات میں کالی یا سبز چائے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ایسے میں یہ سوال عام ہے کہ روزانہ استعمال کے لیے کون سی چائے صحت کے لیے زیادہ بہتر ہے۔

دودھ والی چائے سب سے زیادہ مقبول ہے، جو عموماً کالی چائے، دودھ اور چینی سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ چائے ذہنی سکون اور تازگی کا احساس دیتی ہے، تاہم غذائی ماہرین کے مطابق دودھ شامل کرنے سے چائے میں موجود کچھ قدرتی فوائد کم ہو سکتے ہیں۔ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ دودھ بعض مفید اجزا کے اثر کو جزوی طور پر کم کر دیتا ہے، تاہم اگر کسی شخص کو دودھ سے الرجی نہ ہو تو دودھ والی چائے مکمل طور پر نقصان دہ نہیں سمجھی جاتی، کیونکہ دودھ میں کیلشیم اور وٹامن ڈی جیسے اہم اجزا بھی موجود ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دودھ والی چائے کھانے کے فوراً بعد پینے کے بجائے کھانوں کے درمیان لینا بہتر ہوتا ہے۔

کالی چائے بغیردودھ کےبنائی جاتی ہےاور اس کا ذائقہ نسبتاً تیز ہوتا ہے۔ غذائی اعتبار سے اسے دودھ والی اور سبز چائے کے درمیان ایک متوازن انتخاب قرار دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق کالی چائے میں موجود اجزا خون کی گردش بہتر بنانے اور دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں، تاہم اسے بھی کھانے کے ساتھ پینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کیونکہ یہ غذا میں موجود بعض اجزا کے جذب میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

سبز چائے کم عمل سے گزرتی ہے اور بغیر دودھ اور چینی کے استعمال کی جاتی ہے جس کی وجہ سے اس کے قدرتی فوائد بڑی حد تک محفوظ رہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سبز چائے میں مفید اجزا کی مقدار زیادہ جبکہ کیفین کم ہوتی ہے، اسی لیے اسے کھانے کے ساتھ بھی پیا جا سکتا ہے، تاہم روزانہ دو سے تین کپ سے زیادہ پینے سے پرہیز بہتر سمجھا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی ایک چائے ہر فرد کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند نہیں ہوتی۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ چائے کس وقت اور کس مقصد کے لیے پی جا رہی ہے۔ دودھ والی چائے کھانوں کے درمیان، کالی چائے احتیاط کے ساتھ اور سبز چائے اعتدال میں روزمرہ استعمال کے لیے بہتر انتخاب ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اصل توجہ توازن اور اعتدال پر ہونی چاہیے۔

Scroll to Top