فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں استحکام قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی قیادت کی عالمی سطح پر بھی تعریف کی گئی ہے۔

اپنے بیان میں وزیر دفاع نے بتایا کہ فنانشل ٹائمز نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہا ہے، جس سے پاکستان کی عالمی سیاست میں مثبت شناخت کو تقویت ملی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے ملکی دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس کا اعتراف سعودی عرب کی جانب سے ایوارڈ کے ذریعے بھی کیا گیا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ملکی معاشی اصلاحات بھی اب نظر آ رہی ہیں، اور فنانشل ٹائمز کا اعتراف پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

ان کے بقول سابق حکومت کے دوران خصوصاً بانی پی ٹی آئی کے دور میں، پاکستان کے سفارتی تعلقات کافی متاثر ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کے لیے شرط نہیں، لیکن بلیک میلنگ کسی صورت قبول نہیں، رانا ثنا

اس دوران امریکا اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے، جبکہ موجودہ قیادت نے ان تعلقات کو بحال کیا اور عالمی سطح پر مثبت تاثر قائم کیا ہے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی فوجی قیادت کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات ملکی و بین الاقوامی سطح پر اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

Scroll to Top