مدینہ منورہ: مسجد نبوی کے مؤذن شیخ فیصل نعمان 25 سال تک اذان دینے کے بعد انتقال کر گئے۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق شیخ فیصل نعمان 23 دسمبر 2025 کو وفات پا گئے، اور نماز فجر کے بعد تاریخی قبرستان جنت البقیع میں سپردِ خاک کر دیے گئے۔
شیخ فیصل نعمان کو سن 2001 میں مسجد نبوی کا مؤذن مقرر کیا گیا تھا اور وہ دہائیوں تک اس مقدس فریضے کو انجام دیتے رہے۔
مسجد انتظامیہ نے مؤذن کی آخری اذان کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں مرحوم کے روحانی جذبے اور خدمت کا عکس واضح طور پر نظر آتا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق اذان دینا شیخ فیصل نعمان کے خاندان میں روایت رہی ہے۔ ان کے والد اور دادا دونوں مسجد نبوی میں مؤذن کے فرائض انجام دیتے رہے۔
Last Adhan raised by Sheikh Faisal Nouman رحمه الله in Masjid An Nabawi on 11 Jumada Al Awwal 1447 | 2nd November 2025 pic.twitter.com/WzM5MwRh21
— Inside the Haramain (@insharifain) December 22, 2025
شیخ فیصل نعمان کے والد کو صرف 14 سال کی عمر میں مؤذن مقرر کیا گیا تھا اور وہ 90 سال سے زائد عمر تک اس خدمت میں مشغول رہے۔
مرحوم نے والد کے انتقال کے بعد یہ منصب سنبھالا اور 25 برس تک اہلِ خانہ اور زائرین کے لیے اذان دینے کا فریضہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 6 پاکستانی گرفتار
مسجد حرام اور مسجد نبوی کے مذہبی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے شیخ فیصل نعمان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور لواحقین سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے بلندی درجات اور مغفرت کی دعا کی۔
شیخ فیصل نعمان کی وفات سے مسجد نبوی کے عقیدتمندوں میں گہرے رنج و افسوس کی لہر دوڑ گئی، اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔





