خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے پیشِ نظر پراونشل ایمرجنسی اپریشن سنٹر کی جانب سے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس، مالاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، طورغر، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، خیبر، باجوڑ اور مہمند میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
اس دوران صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹر وردہ کیس،پولیس تحقیقات میں اہم پیش رفت
پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلیات میں سڑکیں بند یا پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور بل بورڈز کو محفوظ بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ برفباری کافی مقدار میں پانی، خوراک، ادویات اور گرم کپڑے ساتھ رکھیں، جبکہ عوام تیز ہوا یا گرج چمک کے دوران بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور عوام کسی بھی اطلاع یا ہنگامی صورتحال میں ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





