شاہد جان
پشاور۔ مشیر برائے سیاحت و ثقافت کے پرسنل سیکرٹری کی سرکاری معاملات میں مداخلت کے خلاف ملازمین نے ڈائریکٹر جنرل کو تحریری شکایات جمع کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چند زیب کے پرسنل سیکرٹری تاشفین کی سرکاری معاملات میں مداخلت اور عملے کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف محکمہ کے ملازمین نے ڈائریکٹر جنرل کو تحریری شکایت دے دی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پرسنل سیکرٹری اتھارٹی کے تمام معاملات میں غیرضروری مداخلت کر رہے ہیں اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ملازمین کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپنا رکھا ہے۔ شکایت کے مطابق، وہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے عملے کے ارکان کو دھمکیاں دینے اور ان کے تبادلے کروانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق پارٹی عہدیدار نے خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف چارج شیٹ جاری کردی
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پرسنل سیکرٹری نے بورڈ کے ذریعے پہلے سے طے شدہ ضوابط کے نفاذ کو بھی روک دیا ہے، جس کے باعث ادارے کے معمول کے امور متاثر ہو رہے ہیں۔ ملازمین نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایسے دباؤ والے ماحول میں ان کے لیے اپنے فرائض مؤثر طریقے سے انجام دینا مشکل ہو گیا ہے۔
محکمے کے عملے نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مشیر کے پرسنل سیکرٹری کی سرکاری معاملات میں مداخلت کو روکا جائے اور ان کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ادارے کے امور بلا رکاوٹ جاری رہ سکیں۔