باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر عادل زمان شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نمازِ جنازہ میں چیف آف آرمی اسٹاف اورچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عادل زمان شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پاکستان آرمی قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میجر عادل زمان شہید نے دشمن کے خلاف فرنٹ لائن سے قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید افسر کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور میں زیرِ علاج زخمی افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔





