خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے آج ایک بڑا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر غور کے لیے قائم خصوصی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس دوپہر 12 بجے خیبرپختونخوا اسمبلی میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا صوبے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیں گے، جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، اپوزیشن لیڈر اور حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کے اراکین بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے اور مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے 39 رکنی خصوصی سکیورٹی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی کا مقصد موجودہ حالات کا جائزہ لے کر حکومت اور متعلقہ اداروں کو سفارشات پیش کرنا ہے تاکہ صوبے میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں سکیورٹی کے اہم پہلوؤں، ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات پر غور کیا جائے گا، اور اس کے بعد صوبے میں امن و امان کی بہتر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔





