سوشل میڈیا پر غیرقانونی موادشیئرکرنے والوں کو پی ٹی اے نے خبر دار کردیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی اور قابلِ اعتراض مواد شیئر کرنے والوں کو خبردار کیا ہے۔

پی ٹی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین آن لائن غیر قانونی سرگرمیوں سے اجتناب کریں۔

بیان کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم اس آزادی کی آڑ میں قانون سے متصادم مواد کی تشہیر کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی اے کا موبائل سمز کے حوالے سے اہم اعلان

پی ٹی اے نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیاپر توہین آمیز مواد، کسی فرد یا ادارے کے خلاف اشتعال انگیز بیانات، دفاعی اور دیگر قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز یا گمراہ کن پروپیگنڈا، فحش اور غیر اخلاقی مواد کے ساتھ ساتھ جعلی خبروں کی اشاعت پیکا ایکٹ 2016 کے تحت سنگین جرم کے زمرے میں آتی ہے۔

اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک میں امن و امان اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے ایسے غیر قانونی مواد کی نشاندہی کریں اور اس کی اطلاع پی ٹی اے سی ایم ایس موبائل ایپ کے ذریعے دیں۔

Scroll to Top