K9 یونٹ نے 2025 میں دہشت گردوں کے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا، آئی جی خیبر پختونخوا

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے K9 یونٹ نے 2025 کے دوران صوبے میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گردی کے تدارک میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے یونٹ کی سالانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق K9 یونٹ نے بم ڈسپوزل، سرچ آپریشنز اور حساس تنصیبات کے تحفظ میں تربیت یافتہ کتوں اور اہلکاروں کی مدد سے متعدد کامیابیاں حاصل کیں۔

یونٹ کی کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، جن میں 64 ایس ایم جیز، 2 ایل ایم جیز، 13 ریپیٹرز، 202 پسٹلز، 81 رائفلز، 2 کلاشنکوف، 4 راکٹ لانچرز، 240 آتشی گولے، 2 آئی ای ڈیز، 7 ہینڈ گرینیڈز اور 4532 کارتوس شامل ہیں۔

K9 یونٹ نے 1185 سیکیورٹی ڈیوٹیز انجام دیں، جن میں وی وی آئی پیز، وی آئی پیز، غیر ملکی اور چینی شہریوں کی حفاظت اور عوامی مقامات، تعلیمی اداروں، مذہبی اجتماعات اور بڑے عوامی ایونٹس کی سیکیورٹی شامل تھی۔

سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور اسنیپ چیکنگ کے دوران یونٹ نے مشتبہ مواد کی بروقت نشاندہی کر کے ممکنہ خطرات کو ناکام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی معیشت کی راہ میں تبدیلی، صنعتی ترقی اور جی ڈی پی میں واضح بہتری

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ K9 یونٹ جدید پولیسنگ کا ایک اہم ستون ہے جو دہشت گردی اور تخریب کاری کے خلاف مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تربیت یافتہ ڈاگز اور اہلکاروں کی بدولت حساس مقامات اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہوئی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ K9 یونٹ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائے اور جدید تربیت اور سہولیات کے ذریعے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

سالانہ کارکردگی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ K9 یونٹ نے پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور فرض شناسی کے ساتھ خیبرپختونخوا کو محفوظ بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا، اور یہ خدمات آئندہ بھی مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top