مسائل سڑکوں پر نہیں، مذاکرات کی میز پر حل ہوتے ہیں، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔

نجی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 12 جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس مقرر ہے، اور تحریک انصاف مذاکرات کے لیے سنجیدہ تجاویز لے کر اسپیکر اسمبلی کے دفتر آجائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی کے نمائندوں کے پاس مکمل مینڈیٹ ہونا چاہیے تاکہ بات چیت مؤثر ہو۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وہ فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے دیگر پرانے رہنماؤں سے بھی بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن مذاکرات میں شامل نمائندے پارٹی کی طرف سے مجاز ہوں۔

انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ عمران خان نے سیاسی اختیارات محمود خان اچکزئی کو تفویض کیے ہیں، لیکن علیمہ خان کہتی ہیں کہ جو مذاکرات کرے گا اس کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کے لیے خوشخبری: سستی الیکٹرک گاڑیاں جلد مارکیٹ میں آئیں گی

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما مینا خان آفریدی نے کہا کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو مکمل مینڈیٹ دیا ہے، اور اگر حکومت سنجیدہ ہے تو انہیں مذاکرات کے لیے موقع دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق یہ دعوت اس بات کا اشارہ ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے، اور آئندہ دنوں میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top