پاکستان میں 2025 کے آخری سورج کی رخصتی، نئے سال کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہے ۔
پاکستان میں سال 2025 اپنے اختتام کو پہنچ گیا اور آخری سورج نے کرنیں بکھیرتے ہوئے رخصت لی۔ ملک کے مختلف حصوں میں سال کے آخری طلوعِ آفتاب کے دلکش مناظر دیکھنے میں آئے، جنہیں شہریوں اور کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا۔
لاہور اور کراچی میں 2025 کے آخری سورج کے حسین مناظر نے فطرت کی خوبصورتی کو نمایاں کر دیا۔ کراچی کے ہل پارک میں شہریوں کی بڑی تعداد سال کے آخری طلوعِ آفتاب کا نظارہ کرنے کے لیے جمع ہوئی، جہاں صبح 7 بج کر 15 منٹ پر سال 2025 کے آخری سورج نے اپنی کرنیں بکھیر دیں۔ شہریوں نے اس لمحے کو تصاویر اور ویڈیوز کی صورت میں محفوظ کیا اور نئے سال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
دوسری جانب دنیا بھر میں نئے سال 2026 کے استقبال کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ سال نو کا پہلا جشن حسبِ روایت نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں منایا جائے گا، جہاں شاندار آتش بازی کے مظاہرے سے نئے سال کا آغاز کیا جاتا ہے۔ آکلینڈ میں آتش بازی دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوتے ہیں، جو اسے ایک یادگار لمحہ بنا دیتے ہیں۔
اسی طرح آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں دنیا کی مشہور ترین نیو ایئر تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ یورپ، ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی سال نو کے استقبال کے لیے خصوصی تقریبات، روشنیوں اور آتش بازی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
نیا سال جہاں نئی امیدیں، نئے خواب اور نئے مواقع لے کر آتا ہے، وہیں لوگ گزرے سال کو الوداع کہتے ہوئے بہتر مستقبل کی دعا کرتے نظر آتے ہیں۔





