عوام کے لیے نئے سال کی بڑی خوشخبری، یکم جنوری سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا امکان، یکم جنوری سے پیٹرول پمپوں پر صارفین کو نمایاں ریلیف مل سکتا ہے
تفصیلات کے مطابق نئے سال 2026 کے آغاز پر عوام کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آنے کا امکان ہے۔ یکم جنوری سے پیٹرول پمپوں پر صارفین کو نمایاں ریلیف مل سکتا ہے، کیونکہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں شدید کمی کے بعد حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی تجویز زیرِ غور ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 59 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 92 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے۔ اگر یہ تجویز منظور کر لی جاتی ہے تو پیٹرول کی قیمت موجودہ 263 روپے 45 پیسے فی لیٹر سے کم ہو کر تقریباً 252 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 265 روپے 65 پیسے سے کم ہو کر 257 روپے 06 پیسے فی لیٹر تک آنے کا امکان ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 180 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 171 روپے 62 پیسے فی لیٹر رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مقامی صارفین کو منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ حد تک کمی آ سکتی ہے۔ تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حتمی رد و بدل کا اعلان حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
عوام کی نظریں اب حکومت کے حتمی فیصلے پر جمی ہوئی ہیں، جو نئے سال کے آغاز پر انہیں بڑا ریلیف دے سکتا ہے۔





