شہریوں کیلئے اہم خبر: ایم ٹیگ نہ لگوایا تو یکم جنوری سے کارروائی اور روک تھام شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں گاڑیوں کے داخلے کے لیے ایم ٹیگ لگوانے کی آج آخری تاریخ ہے، اور یکم جنوری سے ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ایم ٹیگ سینٹرز پر عملے اور اسٹاک میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کو بروقت ایم ٹیگ فراہم کیا جا سکے۔ 14 نومبر سے اب تک ایم ٹیگ لگوانے والی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے بتایا کہ یکم جنوری سے شہر کے مختلف انٹری پوائنٹس پر بغیر ایم ٹیگ والی گاڑیاں روکی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کرنے والے ٹیگ ریڈرز بھی یکم جنوری سے مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ کارروائی سے بچنے کے لیے بروقت اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوا لیں، تاکہ مستقبل میں اضافی مشکلات اور جرمانے سے بچا جا سکے۔





