گورنر خیبرپختونخوا کے بیان پر معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کا ردعمل

وزیراعلی خبیرپختونخوا کےمعاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نےکہا ہے گورنرفیصل کریم کنڈی کی صوبائی حکومت کے خلاف بیان بازی آئینی عہدے کے وقار کے منافی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شفیع جان نے کہاکہ گورنر کا کام سیاست کرنا نہیں بلکہ آئین کے مطابق صوبے کی خدمت کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ گورنر ہاؤس کو صوبے میں اپوزیشن سیکرٹریٹ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ منتخب صوبائی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بیان بازی سیاسی مایوسی کا اظہار ہے اور صوبائی حکومت اور پارٹی کے خلاف گورنر کے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے قائم حکومت کو بیان بازی سے کمزور نہیں کیا جا سکتا اور خیبرپختونخوا حکومت آئینی دائرے میں رہ کر عوامی خدمت کر رہی ہے۔

شفیع جان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے فیصلے کو بانی چیئرمین عمران خان کے اختیار میں قرار دیا اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں، این آر او کس نے لیا، پوری دنیا جانتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن، شفافیت اور فلاحی اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور صوبائی حکومت کی گورننس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی خیبرپختونخوا سے زیادہ سندھ کے گورنر نظر آتے ہیں اور زیادہ وقت اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں گزارتے ہیں۔

شفیع جان نے کہا کہ صوبے کے مفاد اور حقوق کے لیے ہمیشہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ بٹھایا گیا ہے اور گورنر کا کردار آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ہونا چاہیے۔

Scroll to Top