بھارتی حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے 18ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیاگیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی اور استقامت کو قابلِ تحسین قرار دیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے عوام دوست ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے اور منفی پراپیگنڈے کو مسترد کرنا ہوگا۔

فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن سیکیورٹی فورسز دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

نشست کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن بھی کیا جس میں ورکشاپ کے شرکاء نے خیالات کا تبادلہ کیا اور مختلف امور پر رہنمائی حاصل کی۔

Scroll to Top