سوات کا تاریخی سرینا ہوٹل بند کرنے کا اعلان

بین الاقوامی ہوٹل چین سرینا نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی ضلع سوات میں سیاحت کی پہچان سمجھے جانے والے سوات سرینا ہوٹل کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق تقریباً 40 برس بعد ہوٹل کی سرگرمیاں ختم کی جا رہی ہیں۔

سرینا ہوٹلز کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ عمران حسن کی جانب سے جاری خط میں بتایا گیا ہے کہ سوات سرینا ہوٹل نے 4 دہائیوں تک ملکی و غیر ملکی سیاحوں، سفارتی وفود، کارپوریٹ اداروں، سرکاری حکام، آئی این جی اوز اور این جی اوز کو خدمات فراہم کیں اور وادی سوات سمیت پورے خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ

مراسلے میں مہمانوں، شراکت داروں اور ٹریول گائیڈز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مقامی معیشت کے استحکام اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ میں ان کے اعتماد اور تعاون نے نمایاں کردار ادا کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سرینا ہوٹلز نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ سوات سرینا ہوٹل کی سرگرمیاں ختم کی جا رہی ہیں، تاہم ایشیا اور افریقہ میں موجود اپنے 33 ہوٹلوں، جن میں پاکستان کے 10 ہوٹل بھی شامل ہیں، میں مہمانوں کو بدستور اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔

Scroll to Top