پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار کا نظام سنبھال لیا

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز کے جاری شدہ سو فیصد حصص کی خریداری مکمل کر لی ہے۔

اس پیش رفت کو ملک میں ڈیجیٹل ترقی اور بااختیاری کے ایک نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

اس معاہدے کے بعد ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز اب پی ٹی سی ایل کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنیاں بن گئی ہیں اور یہ ادارے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون 4G) اور یو مائیکروفنانس بینک کے ساتھ پی ٹی سی ایل گروپ کا حصہ ہوں گے۔

عبوری مدت کے دوران ٹیلی نار پاکستان ایک الگ قانونی ادارے کے طور پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا، جبکہ تمام ریگولیٹری منظوریوں کے بعد مستقبل میں پی ٹی ایم ایل اور ٹیلی نار پاکستان کو ایک مشترکہ ادارے میں ضم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی سے نئے سال کے موقع پر ملاقات، فہرست جیل حکام کو ارسال

اس موقع پر پی ٹی سی ایل کی جانب سے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی میں ٹیلی نار اے ایس اے کے کردار کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ ٹیلی نار نے گزشتہ تقریباً دو دہائیوں کے دوران سروس کے معیار کو بہتر بنانے اور رابطوں کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق اس سنگِ میل کے بعد دونوں ادارے ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور وسائل سے فائدہ اٹھا سکیں گے جس سے صارفین کو بہتر سہولیات، وسیع نیٹ ورک رسائی اور تیز رفتار جدت فراہم کی جا سکے گی۔

مستقبل میں یوفون 4G اور ٹیلی نار پاکستان کے مجوزہ انضمام کے نتیجے میں قائم ہونے والا ادارہ پاکستان کی ڈیجیٹل ضروریات کے مطابق نیٹ ورک استعداد میں اضافے، اسپیکٹرم کے مؤثر استعمال اور جدید، محفوظ اور مربوط ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے بہتر طور پر تیار ہوگا۔

Scroll to Top