محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے نئے سال کے آغاز پر صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک تاریخی اور تعلیم دوست اقدام اٹھاتے ہوئے جامعات کے لیے صوبائی سطح پر رینکنگ نظام کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ سسٹم کی باضابطہ منظوری دے دی جس کے بعد خیبرپختونخوا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں اپنی نوعیت کا جامع صوبائی یونیورسٹی رینکنگ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
منظوری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر خیبرپختونخوا کی جامعات، اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی سٹاف کے لیے یہ رینکنگ نظام ایک تحفہ ہے، جو تعلیمی معیار، شفافیت اور مسابقت کو فروغ دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں افسران کے تبادلے
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ سسٹم کی تیاری میں بین الاقوامی معیار کے کیو ایس (QS) اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) جبکہ قومی سطح پر ایچ ای سی کے رینکنگ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے اور ان کے بہترین اشاریوں کو صوبائی تقاضوں کے مطابق شامل کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ تعلیم نے بتایا کہ نئے رینکنگ نظام کے تحت تمام سرکاری جامعات کو ایک ماہ کے اندر مقررہ پروفارما کے ذریعے مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ مارچ کے مہینے میں پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ لسٹ جاری کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ جامعات کو مالی گرانٹس کی فراہمی میں بھی رینکنگ سسٹم کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ بہتر کارکردگی دکھانے والی جامعات کو مزید سہولیات دی جا سکیں۔
مینا خان آفریدی نے کہا کہ اس رینکنگ نظام میں جامعات کی کارکردگی جانچنے کے لیے گورننس، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، فنانس و فنڈ جنریشن، سٹوڈنٹس سپورٹ سروسز، اکیڈمک ایکسلینس اور دیگر اہم اشاریوں کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ ہر زاویے سے جامع اور شفاف تجزیہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ نظام کو مکمل تحقیق اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ تعلیم نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں میں تاحال جامعات کے لیے کسی صوبائی سطح کے رینکنگ نظام پر کام نہیں ہوا، اور خیبرپختونخوا اس حوالے سے بھی سبقت لے گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چیئرمین عمران خان آج آزاد ہوتے تو خیبرپختونخوا کی اس تعلیمی کامیابی اور بلند پرواز پر ضرور تالیاں بجاتے۔
مینا خان آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، معیار اور عالمی مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی تاکہ خیبرپختونخوا کی جامعات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا جا سکے۔





