نوشہرہ: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کا کردار انتہائی اہم ہے اور صوبائی حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے نوشہرہ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر معاون خصوصی شفیع جان نے نو منتخب صدر تفہیم الرحمان اور کابینہ کے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدر پریس کلب نے اس موقع پر معاون خصوصی کو پریس کلب نوشہرہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر شفیع جان نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل جلد حل کیے جائیں گے اور آئندہ ہفتے وہ نوشہرہ پریس کلب کے دورے پر جائیں گے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میاں عمر کاکا خیل بھی موجود تھے۔
معاون خصوصی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلبوں میں شفاف انتخابات کا انعقاد ایک مثبت روایت ہے جو جمہوری اقدار کے فروغ کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کو یقینی بناتی ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ نوشہرہ سمیت صوبے بھر کے تمام پریس کلبوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور نوشہرہ پریس کلب کو سالانہ گرانٹ کی جلد فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر مشکل وقت میں صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور صحافیوں کی تعمیری تنقید کا ہمیشہ خیرمقدم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا موقف واضح، ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، فیصل کریم کنڈی
سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ نیا سال نئی امیدوں، نئے عزم اور بہتر مستقبل کی نوید لے کر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال 2025 پاکستان کی تاریخ میں غیر آئینی ترامیم اور جمہوریت پر حملوں کا سیاہ سال ثابت ہوا، تاہم سال 2026 عوامی مینڈیٹ کی واپسی، جعلی حکومتوں کے خاتمے اور حقیقی ترقی کا سال ہوگا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کی رہائی کے بغیر حقیقی معاشی ترقی ممکن نہیں، اور عوامی مینڈیٹ کی خلاف ورزی آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عطا تارڑ بشری بی بی کی جعلی مقدمات اور دیگر سیاسی خواتین پر ظلم و جبر کی مذمت کریں گے۔
شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں شفاف حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا اور صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں تیزی لائی جائے گی تاکہ نیا سال عوامی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کا سال ثابت ہو۔





