بلاتفریق تمام شہریوں کی حفاظت میری اولین ذمہ داری ہوگی، ظہران ممدانی

نیو یارک: شہر کے پہلے مسلم میئرظہران ممدانی نے اپنی تقریب حلف برداری میں قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر عہدے کا حلف اٹھایا۔ 34 سالہ ظہران ممدانی ایک صدی میں نیو یارک کے سب سے کم عمر میئر بھی بن گئے ہیں۔

سٹی ہال میں منعقدہ تقریب میں ممدانی نے اپنے دادا اور دادی کے قرآن پاک استعمال کیے۔ حلف لینے کی تقریب میں رکن کانگریس برنی سینڈرز نے ظہران ممدانی سے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا کہ آج سے نیو یارک کے شہریوں کے لیے ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ بلاتفریق ہر شہری کے حقوق اور تحفظ کے لیے کھڑے رہیں گے۔ ظہران ممدانی نے مزید کہا کہ وہ نیویارک کے تمام شہریوں کے ساتھ ہر طرح کے حالات میں کھڑے رہیں گے اور شہر کی ترقی اور فلاح کے لیے کام کریں گے۔

تقریب کے دوران درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے نئے میئر کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ اور میئر ظہران ممدانی کی ملاقات، امید ہے نئے میئر شہر میں مثبت تبدیلی لائیں گے

ظہران ممدانی کا یہ انتخاب نہ صرف مسلم کمیونٹی کے لیے بلکہ نیو یارک کی تاریخ میں بھی ایک نمایاں لمحہ ہے، کیونکہ یہ شہر کے پہلے مسلم میئر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک صدی میں سب سے کم عمر میئر کا ریکارڈ بھی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے عہدے کا ہر ممکن فائدہ اٹھاتے ہوئے نیو یارک کو ایک محفوظ، مساوی اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے کام کریں گے۔

ظہران ممدانی جو ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، 4 نومبر 2025 کو ہونے والے میئر کے الیکشن میں 50.78 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے اور وہ نیویارک کے 112 ویں میئر منتخب ہوئے۔

یہ کامیابی ان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، کیونکہ وہ شہر کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔

Scroll to Top