کیپرا کی شاندار کامیابی، سیلز ٹیکس کی آمدنی میں نمایاں اضافہ

پشاور: خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ 23.26 ارب روپے کے محاصل جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 17.92 ارب روپے تھی۔

کیپرا کے میڈیا ونگ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلز ٹیکس آن سروسز میں 5.34 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو صوبے میں سروسز کے شعبے میں ٹیکس نیٹ کی توسیع اور بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

اسی دوران کیپرا نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں مجموعی طور پر 26.62 ارب روپے کے محاصل اکھٹے کیے، جن میں 3.36 ارب روپے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (IDC) کی مد میں شامل ہیں۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی محاصل 23.81 ارب روپے تھے، جس میں سیلز ٹیکس آن سروسز سے 17.92 ارب اور IDC سے 5.89 ارب روپے شامل تھے۔

ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے کہا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز میں اضافہ کیپرا ٹیم کی محنت، مؤثر منصوبہ بندی اور انفورسمنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 446 ارکان نے مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے، الیکشن کمیشن کی وارننگ جاری

انہوں نے کہا یہ شاندار اضافہ کیپرا کے افسران کی محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا نتیجہ ہے، اور اسی جذبے اور منظم حکمت عملی کے ساتھ ہم رواں مالی سال کے اہداف حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

فوزیہ اقبال نے ٹیکس دہندگان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے اعتماد، تعاون اور شراکت داری نے کیپرا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی اور مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کی قیادت اور تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی رہنمائی کیپرا میں اصلاحات اور محصولات میں اضافے کے لیے کلیدی ثابت ہوئی ہے۔

Scroll to Top