چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ معاملات میں پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے اور بات چیت صرف برابری کی بنیاد پر ہی ہوگی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو نچلی سطح سے مضبوط بنانے کے لیے اسکول لیول پر کرکٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس سے نیا اور باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بہت جلد کراچی سمیت پورے ملک میں کرکٹ گراؤنڈز کے حوالے سے اچھی خبریں ملیں گی۔
چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تعمیر نو کے بعد نیشنل اسٹیڈیم نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کا خوبصورت ترین اسٹیڈیم ہوگا اور یہ لاہور کے اسٹیڈیم سے بھی زیادہ خوبصورت نظر آئے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جب گراؤنڈ مکمل طور پر تیار ہو جائے گا تو کراچی کے شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
ویمنز کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے جبکہ مینز ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ اس سلسلے میں کپتان سے تاحال کوئی بات نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان آغا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رہیں گے، پی سی بی
چیئرمین پی سی بی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں پاکستان اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور برابری کی بنیاد پر ہی بات چیت ہوگی۔





