مالی بے ضابطگیوں کے خاتمے کیلئے بڑا اقدام! خیبرپختونخوا میں مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت ختم، صرف ای اسٹامپ جاری ہونگے

مالی بے ضابطگیوں کے خاتمے کیلئے بڑا اقدام! خیبرپختونخوا میں مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت ختم، صرف ای اسٹامپ جاری ہونگے

خیبر پختونخوا نے مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت پر پابندی عائد کردی محکمہ ریونیو اینڈ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے باضابطہ مراسلہ جاری کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ ریونیو اینڈ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے جس میں تمام ضلعی خزانہ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر استعمال شدہ مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت فوری طور پر بند کریں۔

اب صوبے میں صرف ای اسٹامپ جاری کیے جائیں گے، جو 2022 سے صوبے کے سرکاری بینک آف خیبر کے ذریعے جاری ہو رہے ہیں۔ محکمہ ریونیو کے مطابق، ای اسٹامپ کا بنیادی مقصد مینول اسٹامپ سسٹم میں مالی بے ضابطگیوں کو ختم کرنا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق، حکومت کا یہ فیصلہ مالی بدانتظامی کے واقعات اور غیر قانونی اسٹامپ پیپر کی فروخت کو روکنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس اقدام کے بعد شہری اب صرف ای اسٹامپ کے ذریعے قانونی اور سرکاری دستاویزات کے لیے اسٹامپ پیپر حاصل کر سکیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ای اسٹامپ کے نظام سے نہ صرف مالی شفافیت بڑھے گی بلکہ عوامی اور سرکاری سطح پر اسٹامپ پیپر کے استعمال کی نگرانی بھی ممکن ہو جائے گی، اور غیر قانونی لین دین کے امکانات کم ہو جائیں گے۔

Scroll to Top