پاکستان نے یمن کی صدارتی قیادت کونسل کی طرف سے ریاض میں جامع مذاکرات کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام یمنی فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ نیک نیتی کے ساتھ سیاسی حل کے لیے مذاکرات میں شامل ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی بھرپور اور مستقل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ علاقائی کوششیں یمن میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گی۔
واضح رہے کہ یمن کے صدارتی قیادت کونسل کے صدر ڈاکٹر رشاد العلیمی کی درخواست پر ریاض میں ایک جامع کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا مقصد یمن کے تمام جنوبی دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور جنوبی مسئلے کے منصفانہ حل پر غور کرنا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق جنوبی مسئلہ ایک تاریخی اور سماجی حیثیت رکھتا ہے جس کا واحد حل یمن میں جامع سیاسی حل کے دائرے میں مکالمے کے ذریعے ممکن ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دو برادر ممالک کے قریبی تعلقات اور مشترکہ مفادات کے پیش نظر سعودی عرب نے اس کانفرنس کے انعقاد کی درخواست کا خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی عرب نے تمام جنوبی دھڑوں پر زور دیا ہے کہ وہ کانفرنس میں فعال شرکت کریں اور ایک جامع وژن تیار کریںجو جنوبی عوام کی جائز امنگوں کے مطابق ایک مستحکم اور پائیدار حل فراہم کر سکے۔





