نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی ایپ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے شناختی دستاویزات کی تیاری کے دوران پیش آنے والی خامیوں کے ازالے اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے طریقہ کار سے متعلق ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد درخواستوں کے عمل کو آسان اور شفاف بنانا ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ جب کوئی شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شناختی دستاویز کے لیے درخواست جمع کرواتا ہے تو اس پر فوری طور پر کارروائی شروع کر دی جاتی ہے۔
اگر درخواست میں کسی دستاویز کی کمی ہو یا فراہم کردہ معلومات میں کوئی غلطی پائی جائے تو درخواست گزار کو موبائل ایپ کے ذریعے مطلع کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ بروقت اپنی درخواست مکمل کر سکے۔
نادرا کے مطابق درخواست کی درستی اور دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے لیے شہری کو پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ ان ہو کر ہوم اسکرین پر موجود نادرا کی متفرق خدمات کے حصے میں جانا ہوگا، جہاں اپ لوڈ ڈاکومنٹس کے آپشن کے ذریعے اپنی درخواست کی ٹریکنگ آئی ڈی اور پن کوڈ درج کر کے مطلوبہ تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نادرا کی جانب سے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز
اس کے بعد اسکرین پر درکار دستاویزات کی فہرست ظاہر ہو جاتی ہے، جنہیں موبائل سے فائل منتخب کر کے یا براہ راست تصویر کھینچ کر اپ لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
نادرا کے مطابق تمام ضروری دستاویزات اپ لوڈ ہونے کے بعد درخواست گزار کو کامیابی کا پیغام موصول ہوتا ہے اور درخواست خودکار طور پر دوبارہ جمع ہو جاتی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل سہولت کا مقصد شہریوں کو نادرا دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا اور گھر بیٹھے شناختی دستاویزات کی تصدیق اور درستی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔





