نیویارک کے میئر کا وینزویلا پر امریکی کارروائی پر سخت ردِعمل

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے وینزویلا پر حملے کو جنگ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

نیویارک کے میئر زوہران کوامی ممدانی نے وینزویلا کے خلاف امریکی کارروائی پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے ایک خودمختار ملک پر یکطرفہ حملہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی خودمختار ریاست پر اس نوعیت کی کارروائی جنگ کے مترادف ہوتی ہے اور یہ وفاقی و بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

میئر زوہران ممدانی نے کہا کہ انہیں آج صبح اس حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا ہے اور انہیں نیویارک سٹی میں وفاقی تحویل میں رکھنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے لیے کی جانے والی ایسی کھلی کوششیں صرف بیرونِ ملک اثرات تک محدود نہیں رہتیں بلکہ اس کے براہِ راست اثرات نیویارک کے شہریوں پر بھی پڑتے ہیں۔

میئر ظہران ممدانی نے مزید کہا کہ نیویارک میں دسیوں ہزار وینزویلا کے باشندے مقیم ہیں جو اس صورتحال سے براہِ راست متاثر ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی  پڑھیں: ٹرمپ نے وینزویلا کے گرفتار صدر کی تصویر جاری کردی

زوہران ممدانی نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی اولین ترجیح نیویارک کے تمام شہریوں، خصوصاً وینزویلا سے تعلق رکھنے والے افراد کی سلامتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر عوام کے لیے متعلقہ رہنمائی جاری کرتی رہے گی۔

Scroll to Top