ملک میں سردی کا راج! کیا مزید بارشیں ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

ملک میں سردی کا راج! کیا مزید بارشیں ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرداور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے ۔

ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، اور محکمہ موسمیات نے آئندہ موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ برفباری اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا رہ سکتا ہے۔

اتوار کے روز کی صورتحال کے بارے میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم کے ساتھ، پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کے امکانات ہیں۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں اور ڈی آئی خان میں دھند چھانے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ شام اور رات کے وقت کالام، سوات، دیر، کوہستان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی کے امکانات ہیں۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند کے امکانات ہیں۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ جیکبہ، سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیر آباد اور موہنجو داڑو میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کے امکانات ہیں۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں جہاں برفباری اور دھند کے باعث سڑکوں پر حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

Scroll to Top