وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو کراچی میں پروٹوکول اور خصوصی اعزاز دیا جائیگا، سندھ حکومت کا بڑا اعلان

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو کراچی میں پروٹوکول اور خصوصی اعزاز دیا جائیگا، سندھ حکومت کا بڑا اعلان

حکومت سندھ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کراچی دورے کے موقع پر انہیں خصوصی پروٹوکول دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے اعزاز میں پروٹوکول کے انتظامات کیے جائیں گے، انہیں روایتی اجرک پہنائی جائے گی اور باقاعدہ استقبال کے دوران گلے بھی لگایا جائے گا۔

ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے تعاون سے تاریخی عمارتوں کے قریب ہیریٹیج اسٹریٹ تعمیر کرے گی، جو شہر کے ثقافتی اور سیاحتی پہلو کو اجاگر کرے گی اور اسے فوڈ اسٹریٹ کے طور پر بھی ڈیزائن کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ تاریخی اور ثقافتی عمارتوں کی حفاظت کے لیے ہیریٹیج ڈپارٹمنٹ کی ٹیم ہر وقت نگرانی کرے گی اور کوئی بھی بلڈر اگر کسی تاریخی عمارت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو اسے فوری طور پر روکا جائے گا۔ ان کے مطابق شہر میں کئی عمارتیں ایسی ہیں جو تاریخی فہرست میں شامل نہیں، مگر ان کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر ثقافت نے کے ایم سی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدامات چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو محفوظ کیا جا سکے۔

سہیل آفریدی کے اس دورے سے نہ صرف خیبرپختونخوا اور سندھ کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ شہری اور سیاح دونوں اس ثقافتی اور روایتی اقدامات سے مستفید ہوں گے۔

Scroll to Top