پاک افغان تجارتی گزرگاہوں کی بحالی، دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ کمیٹی قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس 6 جنوری کو طورخم سرحد پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان تجارتی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کیونکہ دونوں ممالک نے تجارتی گزرگاہوں کی بحالی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس 6 جنوری کو طورخم سرحد پر ہوگا، جہاں تجارتی گزرگاہیں کھولنے اور تجارت کے فروغ کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان اور افغانستان کے تاجر رہنماؤں کے درمیان زوم میٹنگ میں اس معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایس ایم تنویر نے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ افغانستان کی جانب سے افغان چیمبر آف کامرس کے سرپرست سید کریم ہاشمی نے میٹنگ کی قیادت کی۔
میٹنگ میں اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک کے چھ، چھ نمائندوں پر مشتمل 12 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ پاکستان کی جانب سے کمیٹی کا سربراہ سید جواد حسین کاظمی مقرر کیے گئے ہیں۔ ایس ایم تنویر نے بتایا کہ کمیٹی کی میٹنگز مختلف شہروں میں منعقد کی جائیں گی اور یہ فورم دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجر تعاون کے ذریعے ملکوں کو قریب لانے میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تاجر رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کی کوششوں سے تجارتی رکاوٹیں کم ہوں گی اور سرحدی گزرگاہوں پر امور بہتر انداز میں آگے بڑھیں گے۔
یہ اقدام پاک افغان اقتصادی تعلقات میں مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور تجارتی گزرگاہوں کی بحالی سے دونوں ملکوں کے تاجروں اور عوام کے لیے نئی تجارتی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔





