لکی مروت میں شہید تین ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

لکی مروت میں دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے تین ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ، شہداء کے لواحقین، معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے، شہداء میں ٹریفک انچارج جلال خان، کانسٹیبل عبداللہ اور کانسٹیبل عزیز اللہ شامل ہیں۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، پھول چڑھائے گئے اور ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

پولیس افسران نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیاہے۔

یہ بھی پڑھیں: لکی مروت ،امن کے رکھوالے نشانہ بن گئے، دہشتگردوں کی فائرنگ سے فرض کی ادائیگی کے دوران 3 ٹریفک پولیس اہلکار شہید

شہید اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کی گئیں جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔

ضلعی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، حکام کے مطابق ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top