محکمہ موسمیات نے شعبان کے چاند سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم شعبان 1447 ہجری بروز بدھ 21 جنوری 2026 کوہونے کا امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق شعبان کا چاند 19 جنوری 2026 کو رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگالیکن 19 جنوری کی شام کراچی یا ملک کے کسی اور حصے میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 17 سے 18 گھنٹے ہوگی، اور اتنی کم عمر میں چاند کو دیکھنا ممکن نہیں ہے، کیونکہ رویت کے لیے کم از کم 19 گھنٹے کی عمر ضروری ہوتی ہے۔ 19 جنوری کی شام چاند کی عمر تقریباً 17 گھنٹے 40 منٹ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کا گیس کی قیمتوں سے متعلق بڑا اعلان
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ سندھ میں غروبِ آفتاب کے بعد چاند افق پر تقریباً 32 سے 33 منٹ تک دکھائی دے گا، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یہ دورانیہ 30 سے 31 منٹ تک ہوگا۔ مطلع صاف یا جزوی ابر آلود ہونے کے باوجود رویت ممکن نہیں ہوگی۔
محکمہ نے کہا کہ 29 رجب کو بھی ملک بھر میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ رویت ہلال کمیٹی کو بھیج دی گئی ہے۔





