چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بات اگر 5 بڑوں تک آگئی ہے تو اسے نا ہی سمجھا جائے۔
اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 بڑے نہ تو ملاقات کرسکتے ہیں اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں نہیں دی جاتیں تو مذاکرات کیسے ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھاکہ ملاقات کی بھیک مانگنے کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔میراکہنے کا مطلب تھا عدالتی احکامات، ایس او پیز اور جیل قوانین کی پاسداری کرکے بھی اگر ملاقاتیں نہیں دی جاتی ہیں تو یہ بھیک ہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم ہر منگل کو آتے ہیں ملاقات کیے بغیر واپس چلے جاتے ہیں، 1 ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی، ملاقاتوں کو متنازع بناکر بات کہاں سے آگے بڑھے گی، ہم نے کوشش کی حالات ٹھیک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل کا مجھے بھی فون آیا تھا، میں نے ان کو بتایا ہم آپ کے ساتھ شریک نہیں ہوں گے، آپ جو کانفرنس کر رہے ہیںاُس پر پارٹی کو تحفظات ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حالات معمول پر لانے کےلیے بہنوں اور وکلاء کی ملاقات ضروری ہے، جو لوگ حالات کی بہتری کےلیے کام کررہے ہیں ان کی ستائش کرنی چاہیے۔





