سمیر منہاس نے بھارتی کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

انڈر 19 ٹرائی سیریز کے فائنل میں پاکستان کے نوجوان بیٹر سمیر منہاس نے زمبابوے کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

سمیر منہاس نے صرف 42 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے بھارت کے ویبھو سوریا ونشی کا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ہرارے میں کھیلے گئے فائنل میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا، جسے قومی انڈر 19 ٹیم نے محض 16.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس فتح میں سمیر منہاس کی دھواں دار اننگ کلیدی ثابت ہوئی۔

سمیر منہاس نے 51 گیندوں پر 114 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی، جس میں 17 چوکے اور پانچ شاندار چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ محمد شایان 38 اور عثمان خان 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان انڈر 19 نےفائنل میں زمبابوے کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی

سمیر منہاس کی 42 گیندوں پر مکمل ہونے والی سنچری نے بھارتی نوجوان بیٹر ویبھو سوریا ونشی کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ سوریا ونشی نے 2025 میں یو اے ای کے خلاف بھی 56 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

اس سے قبل پاکستان کے قاسم اکرم نے 2022 میں سری لنکا کے خلاف 63 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی، جبکہ آسٹریلیا کے جیڈن ڈریپر بھارت کے خلاف 65 گیندوں پر سنچری بنا کر اس فہرست میں شامل ہیں۔

Scroll to Top